Christmas Day
Click here to join the effort!
Read the Bible
انجیل مقدس
متّی 3
1 اُن دِنوں میں یُوحنّا بپتِسمہ دینے والا آیا اور یہُودیہ کے بِیابان میں یہ منادی کرنے لگا کہ2 توبہ کرو کِیُونکہ آسمان کی بادشاہی نزدِیک آگئی ہے۔3 یہ وُہی ہے جِس کا ذِکر یسعیاہ نبی کی معرفت یُوں ہُؤا کہ بِیابان میں پُکارنے والے کی آواز آتی ہے کہ خُداوند کی راہ تیّار کرو۔ اُس کے راستے سیدھے بناؤ۔4 یہ یُوحنّا اُونٹ کے بالوں کی پوشاک پہنے اور چمڑے کا پٹکا اپنی کمر سے باندھے رہتا تھا اور اِس کی خوراک ٹِڈیاں اور جنگلی شہد تھا۔5 اُسوقت یروشلِیم اور سارے یہُودیہ اور یَردَن کے گِردونواح کے سب لوگ نِکل کر اُس کے پاس گئے۔6 اور اپنے گناہوں کا اِقرار کر کے دریایِ یَردَن میں اُس سے بپتِسمہ لِیا۔
7 مگر جب اُس نے بہُت سے فرِیسِیوں اور صدُوقِیوں کو بپتِسمہ کے لِئے اپنے پاس آتے دیکھا تو اُن سے کہا کہ اَے سانپ کے بچّو تُم کو کِس نے جتا دِیا کہ آنے والے غضب سے بھاگو؟8 پَس توبہ کے مُوافِق پھَل لاؤ۔9 اور اپنے دِلوں میں یہ کہنے کا خیال نہ کرو کہ ابرہام ہمارا باپ ہے کِیُونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتھّروں سے ابرہام کے لِئے اُولاد پَیدا کر سکتا ہے۔10 اور اَب دَرختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھّا ہُؤا ہے۔ پَس جو دَرخت اچھّا پھَل نہِیں لاتا وہ کاٹا اور آگ میں ڈالا جاتا ہے۔11 میں تو تُم کو توبہ کے لِئے پانی سے بپتِسمہ دیتا ہُوں لیکِن جو میرے بعد آتا ہے وہ مُجھ سے زورآور ہے۔ میں اُس کی جُوتیاں اُٹھانے کے لائِق نہِیں۔ وہ تُم کو رُوح اُلقدُس اور آگ سے بپتِسمہ دے گا۔12 اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ اپنے کھلیہان کو خُوب صاف کرئے گا اور اپنے گیہوں کو تو کھتّے میں جمع کرے گا مگر بُوسی کو اُس آگ میں جلائے گا جو بھُجنے کی نہِیں۔
13 اُس وقت یِسُوع گلیل سے یَردَن کے کِنارے یُوحنّا کے پاس اُس سے بپتِسمہ لینے آیا۔14 مگر یُوحنّا یہ کہہ کر اُسے منع کرنے لگا کہ مَیں آپ تُجھ سے بپتِسمہ لینے کا محتاج ہُوں اور تُو میرے پاس آیا ہے؟15 یِسُوع نے جواب میں اُس سے کہا اَب تو ہونے ہی دے کِیُونکہ ہمیں اِسی طرح ساری راستبازی پُوری کرنا مناسب ہے۔ اِس پر اُس نے ہونے دِیا۔16 اور یِسُوع بپتِسمہ لے کر فِی الفَور پانی کے پاس سے اُوپر گیا اور دیکھو اُس کے لِئے آسمان کھُل گیا اور اُس نے خُدا کے رُوح کو کبُوتر کی مانِند اُترتے اور اپنے اُوپر آتے دیکھا۔17 اور دیکھو آسمان سے یہ آواز آئی کہ یہ میرا پیارا بَیٹا ہے جِس سے میں خُوش ہُوں۔