Lectionary Calendar
Wednesday, December 25th, 2024
Christmas Day
Attention!
For 10¢ a day you can enjoy StudyLight.org ads
free while helping to build churches and support pastors in Uganda.
Click here to learn more!

Read the Bible

انجیل مقدس

تیمِتھُیس ۲ 4

1 خُدا اور مسِیح یِسُوع کو جو زِندوں اور مُردوں کی عدالت کرے گا گواہ کر کے اور اُس کے ظُہُور اور بادشاہی کو یاد دِلا کر مَیں تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔2 کہ تُو کلام کی منادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعِد رہ۔ ہر طرح کے تحمُّل اور تعلِیم کے ساتھ سَمَجھا دے اور ملامت اور نصِیحت کر۔3 کِیُونکہ اَیسا وقت آئے گا کہ لوگ صحیح تعلِیم کی برداشت نہ کریں گے بلکہ کانوں کی کھُجلی کے باعِث اپنی اپنی خواہِشوں کے مُوافِق بہُت سے اُستاد بنا لیں گے۔4 اور اپنے کانوں کو حق کی طرف سے پھیر کر کہانیوں پر مُتوّجہ ہوں گے۔5 مگر تُو سب باتوں میں ہوشیار رہ۔ دُکھ اُٹھا۔ بشارت کا کام انجام دے۔ اپنی خِدمت کو پُورا کر۔6 کِیُونکہ مَیں اَب قُربان ہو رہا ہُوں اور میرے کُوچ کا وقت آ پہُنچا ہے۔7 مَیں اچھّی کُشتی لڑ چُکا۔ مَیں نے دوڑ کو ختم کر لِیا۔ مَیں نے اِیمان کو محفُوظ رکھّا۔8 آیندہ کے لِئے میرے واسطے راستبازی کا وہ تاج رکھّا ہُؤا ہے جو عادِل مُنصِف یعنی خُداوند مُجھے اُس دِن دے گا اور صِرف مُجھے ہی نہِیں بلکہ اُن سب کو بھی جو اُس کے ظُہُور کے آرزو مند ہوں۔

9 میرے پاس جلد آنے کی کوشِش کر۔10 کِیُونکہ دیماس نے اِس موجُودہ جہان کو پسند کر کے مُجھے چھوڑ دِیا اور تھِسّلنیکے کو چلا گیا اور کریسکینس گلتیہ کو اور طِطُس دلمتیہ کو۔11 صِرف لُوقا میرے پاس ہے۔ مرقُس کو ساتھ لے کر آ جا کِیُونکہ خِدمت کے لِئے وہ میرے کام کا ہے۔12 تُخِکُس کو مَیں نے اِفِسُس بھیج دِیا ہے۔13 جو چوغہ مَیں تروآس میں کرپُس کے ہاں چھوڑ آیا ہُوں جب تُو آئے تو وہ اور کِتابیں خاص کر رقّ کے طُومار لیتا آئیو۔14 سِکندر ٹھٹھیرے نے مُجھ سے بہُت بُرائیاں کِیں۔ خُداوند اُسے اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دے گا۔15 اُس سے تُو بھی خَبردار رہ کِیُونکہ اُس نے ہماری باتوں کی بڑی مُخالفت کی۔

16 میری پہلی جواب دہی کے وقت کِسی نے میرا ساتھ نہ دِیا بلکہ سب نے مُجھے چھوڑ دِیا۔ کاش کہ اُنہِیں اِس کا حِساب دینا نہ پڑے۔17 مگر خُداوند میرا مددگار تھا اور اُس نے مُجھے طاقت بخشی تاکہ میری معرفت پَیغام کی پُوری منادی ہو جائے اور سب غَیرقَومویں سُن لیں۔ اور مَیں شیر کے مُنہ سے چھُڑایا گیا۔18 خُداوند مُجھے ہر ایک بُرے کام سے چھُڑائے گا اور اپنی آسمانی بادشاہی میں صحیح سَلامت پہُنچا دے گا۔ اُس کی تمجِید ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔19 پرِسکہ اور اکوِلہ سے اور اُنیسِفُرس کے خاندان سے سَلام کہہ۔20 اِراستُس کُرِنتھُس میں رہا اور ترفِمُس کو مَیں نے مِیلیتُس میں بِیمار چھوڑا۔21 جاڑوں سے پہلے میرے پاس آ جانے کی کوشِش کر۔ یُوبُولُس اور پُودینس اور لِینُس اور کلَودیہ اور اَور سب بھائِی تُجھے سَلام کہتے ہیں۔22 خُداوند تیری رُوح کے ساتھ رہے۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔

 
adsfree-icon
Ads FreeProfile