Lectionary Calendar
Wednesday, December 25th, 2024
Christmas Day
Attention!
StudyLight.org has pledged to help build churches in Uganda. Help us with that pledge and support pastors in the heart of Africa.
Click here to join the effort!

Read the Bible

انجیل مقدس

یُوحنّا ۱ 2

1 اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم گُناہ نہ کرو اور اگر کوئی گُناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار موجُود ہے یعنی یِسُوع مسِیح راستباز۔2 اور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بلکہ تمام دُنیا کے گُناہوں کا بھی۔

3 اگر ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں گے تو اِس سے ہمیں معلُوم ہوگا کہ ہم اُسے جان گئے ہیں۔4 جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُسے جان گیا ہُوں اور اُس کے حُکموں پر عمل نہِیں کرتا وہ جھُوٹا ہے اور اُس میں سَچّائی نہِیں۔5 ہاں جو کوئی اُس کے کلام پر عمل کرے اُس میں یقِیناً خُدا کی محبّت کامِل ہو گئی ہے۔ ہمیں اِسی سے معلُوم ہوتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔6 جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُس میں قائِم ہُوں تو چاہئے کہ یہ بھی اُسی طرح چلے جِس طرح وہ چلتا تھا۔

7 اَے عِزیزو! مَیں تُمہیں کوئی نیا حُکم نہِیں لِکھتا بلکہ وُہی پُرانا حُکم جو شُرُوع سے تُمہیں مِلا ہے۔ یہ پُرانا حُکم وُہی کلام ہے جو تُم نے سُنا ہے۔8 پھِر تُمہیں ایک نیا حُکم لِکھتا ہُوں اور یہ بات اُس پر اور تُم پر صادِق آتی ہے کِیُونکہ تارِیکی مِٹتی جاتی ہے اور حقِیقی نُور چمکنا شُرُوع ہو گیا ہے۔9 جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں نُور میں ہُوں اور اپنے بھائِی سے عَداوَت رکھتا ہے وہ ابھی تک تارِیکی ہی میں ہے۔10 جو کوئی اپنے بھائِی سے محبّت رکھتا ہے وہ نُور میں رہتا ہے اور ٹھوکر نہِیں کھانے کا۔11 لیکِن جو اپنے بھائِی سے عَداوَت رکھتا ہے وہ تارِیکی میں ہے اور تارِیکی ہی میں چلتا ہے اور یہ نہِیں جانتا کہ کہاں جاتا ہے کِیُونکہ تارِیکی نے اُس کی آنکھیں اَندھی کر دی ہیں۔

12 اَے بچّو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ اُس کے نام سے تُمہارے گُناہ مُعاف ہُوئے۔13 اَے بُزُرگو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ جو اِبتدا سے ہے اُسے تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔ اَے لڑکو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم باپ کو جان گئے ہو۔14 اَے بُزُرگو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا کہ جو اِبتدا سے ہے اُس کو تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم مضبُوط ہو اور خُدا کا کلام تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔15 نہ دُنیا سے محبّت رکھّو نہ اُن چِیزوں سے جو دُنیا میں ہیں۔ جو کوئی دُنیا سے محبّت رکھتا ہے اُس میں باپ کی محبّت نہِیں۔16 کِیُونکہ جو کُچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہِش اور آنکھوں کی خواہِش اور زِندگی کی شیخی وہ باپ کی طرف سے نہِیں بلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔17 دُنیا اور اُس کی خواہِش دونوں مِٹتی جاتی ہیں لیکِن جو خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائِم رہے گا۔

18 اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اَب بھی بہُت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اخِیر وقت ہے۔19 وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہِیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکِن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہِیں ہیں۔

20 اور تُم کو تو اُس قُدُّوس کی طرس سے مسح کِیا گیا ہے اور تُم سب کُچھ جانتے ہو۔21 مَیں نے تُمہیں اِس لِئے نہِیں لِکھا کہ تُم سَچّائی کو نہِیں جانتے بلکہ اِس لِئے کہ تُم اُسے جانتے ہو اور اِس لِئے کہ کوئی جھُوٹ سَچّائی کی طرف سے نہِیں ہے۔22 کَون جھُوٹا ہے سِوا اُس کے جو یِسُوع کے مسِیح ہونے کا اِنکار کرتا ہے؟ مُخالِفِ مسِیح وُہی ہے جو باپ اور بَیٹے کا اِنکار کرتا ہے۔23 جو کوئی بَیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہِیں۔ جو بَیٹے کا اِقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔24 جو تُم نے شُرُوع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ جو تُم نے شُرُوع سے سُنا ہے اگر وہ تُم میں قائِم رہے تو تُم بھی بَیٹے اور باپ میں قائِم رہو گے۔25 اور جِس کا اُس نے ہم سے وعدہ کِیا ہے وہ ہمیشہ کی زِندگی ہے۔26 مَیں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لِکھی ہیں جو تُمہیں فریب دیتے ہیں۔27 اور تُمہارا وہ مسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اِس کے محتاج نہِیں کہ کوئی تُمہیں سِکھائے بلکہ جِس طرح وہ مسح جو اُس کی طرف سے کیا گیا تُمہیں سب باتیں سِکھاتا ہے اور سَچّا ہے اور جھُوٹا نہِیں اور جِس طرح اُس نے تُمہیں سِکھایا اُسی طرح تُم اُس میں قائِم رہتے ہو۔

28 غرض اَے بچّو! اُس میں قائِم رہو تاکہ جب وہ ظاہِر ہو تو ہمیں دِلیری ہو اور ہم اُس کے آنے پر اُس کے سامنے شرمِندہ نہ ہوں۔29 اگر تُم جانتے ہو کہ وہ راستباز ہے تو یہ بھی جانتے ہو کہ جو کوئی راستبازی کے کام کرتا ہے وہ اُس سے پَیدا ہُؤا ہے۔

 
adsfree-icon
Ads FreeProfile